بھٹکل:6/جولائی (ایس اؤنیوز) ضلع اُترکنڑا کے مختلف حلقوں میں حال ہی میں ہوئے ضمنی انتخابات میں زیادہ تر کانگریس حامی اُمیدواروں نے جیت درج کرتے ہوئے سیکولر جماعتوں کے لئے خوش آئند پیغام دیا ہے۔
بھٹکل میں جملہ تین علاقوں میں ہوئے گرام پنچایت کے ضمنی انتخابات میں دو حلقوں میں کانگریس حامی اُمیدوار کامیاب ہوئے ہیں تو ایک حلقہ میں بی جے پی حامی اُمیدوار نے کامیابی درج کی ہے، اُدھرہلیال اور کمٹہ میں بھی کانگریس حامی اُمیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ یلاپور کے ایک حلقہ کے تعلقہ پنچایت ضمنی انتخابات میں بھی کانگریس حامی اُمیدوار نے جیت درج کی ہے۔
بھٹکل کے جن تین گرام پنچایت حلقوں میں انتخابات ہوئے ہیں، اُن میں کوپا اورماوین کوروے گرام پنچایت میں کانگریس حامی اُمیدوار مادیوی سومیا گونڈا اور منجوناتھ دیویا موگیر نے بلامقابلہ کامیابی حاصل کرلی ہے۔ یہ دونوں سیٹ پسماندہ ذات کے لئے مخصوص تھی۔
اسی طرح بھٹکل کے ماولی 2 کے تیسرے وارڈ کوٹد مکی پر ہوئے انتخابات میں بی جے پی کی حمایتی اُمیدوار ناگرتنا موگیر نے کانگریس حمایتی اُمیدوار سرسوتی بھوری کو 70 ووٹوں سے ہرادیا ہے، ناگرتنا کو 433 ووٹس ملے تھے،جبکہ سرسوتی نے 363 ووٹ حاصل کئے۔
اُدھر ہلیال اور کمٹہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں تعلقہ میں ہوئے گرام پنچایت انتخابات میں بھی کانگریس کو جیت حاصل ہوئی ہے، جبکہ یلاپور کے مدنور حلقہ کےلئے ہوئے تعلقہ پنچایت ضمنی انتخابات میں بھی کانگریس حمایتی اُمیدوار نے جیت درج کرلی ہے۔
کاروار کے آمدلّی گرام پنچایت سیٹ کے لئے بی جے پی کے حمایتی شری دھر تالیکر نے قریبی حریف چندراکانت اگر کو 148 ووٹوں سے ہرادیا، جبکہ کمٹہ کے ناگور گرام پنچایت سیٹ کے لئے منجوناتھ ہری کانت نے جے ڈی ایس کے نارائن شیشگیری کو202 ووٹوں سے ہرادیا۔ منجوناتھ کو 542 ووٹس حاصل ہوئے اور نارائن کو 343 ووٹ ملے۔
یلاپور سے ملی اطلاع کے مطابق مدنور تعلقہ پنچایت حلقہ کے لئے ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس حمایتی کویتا تینیکر نے بی جے پی حمایتی مہیش دیسائی کو 654 کے بڑے فرق کے ساتھ ہرادیا، اسی طرح ہلیال کے تیرگائوں گرام پنچایت حلقہ میں کانگریس کی میگھنا مینڈلکر نے بی جے پی حمایتی اُمیدوار کو 167 ووٹوں کے مقابلے میں 212 ووٹ حاصل کرتے ہوئے جیت درج کی۔
اُترکنڑا کے ضمنی انتخابات میں دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ کاروار تعلقہ کے کینّار حلقہ کے لئے سیٹ کو شیڈول کاسٹ کے لئے مخصوص کیا گیا تھا، مگر بتایا گیا ہے کہ اس حلقہ میں شیڈول کاسٹ کے لوگ نہیں ہیں، اس بناء پر یہاں ضمنی انتخابات کے لئے کسی بھی اُمیدوار نے حصہ نہیں لیا۔